ملک بھر سے 441 سکولز نیشنل ہاکی پورٹل پر رجسٹرڈ ہو گئے

08-03-2026

(لاہور نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ملک بھر میں ہاکی کے فروغ کیلئے جاری سکولز پروگرام میں اہم پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب تک 441 سکولز نیشنل ہاکی پورٹل پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔

آئندہ دو ہفتوں کے دوران رجسٹرڈ سکولوں کی تعداد 1,000 تک پہنچنے کی توقع ہے۔ پی ایچ ایف کے مطابق ایک ہزار سکولوں کا ہدف مکمل ہوتے ہی رجسٹرڈ اداروں میں ہاکی کٹس اور دیگر کھیلوں کا سامان تقسیم کرنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا تاکہ طلبہ کو بہتر سہولتوں کے ساتھ کھیلنے اور تربیت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کئے جا سکیں۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ سکول سطح پر ہاکی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ملک بھر کے اضلاع میں سند یافتہ ہاکی کوچز تعینات کئے جائیں گے، جو نوجوان کھلاڑیوں کی تکنیکی تربیت اور صلاحیتوں کو نکھارنے میں کردار ادا کریں گے۔ پی ایچ ایف نے مزید بتایا کہ ان اقدامات کے تسلسل میں فروری 2027 میں ملک کی پہلی نیشنل انڈر-15 ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں رجسٹرڈ سکولوں کے باصلاحیت کھلاڑی شرکت کریں گے۔