موسمی حالات اور سیلاب سے سبزیوں کی سپلائی متاثر

08-03-2026

(لاہور نیوز) حالیہ موسمی حالات اور سیلابی صورتحال کے باعث بنیادی سبزیوں، خصوصاً پیاز اور ٹماٹر کی سپلائی شدید متاثر ہو گئی۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور سمیت گرد و نواح کے اضلاع میں قلت اور قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، بادامی باغ سبزی منڈی میں پیاز اور ٹماٹر کی سپلائی معمول سے تقریباً 50 فیصد کم ہے، یہی مرکزی منڈی لاہور کے علاوہ شیخوپورہ، قصور اور دیگر قریبی اضلاع کو بھی سبزیوں کی فراہمی کا بڑا مرکز ہے، تاہم موجودہ سپلائی طلب پوری کرنے سے قاصر ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بادامی باغ سبزی منڈی میں پیاز کے 31 ٹرک پہنچے، جن میں 14 ٹرک کوئٹہ اور 17 ٹرک کراچی سے لائے گئے، اسی طرح ٹماٹر کے مجموعی طور پر 21 ٹرک منڈی پہنچے، جن میں 17 ٹرک کوئٹہ اور 4 ٹرک قلعہ سیف اللہ سے لائے گئے۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ طلب میں اضافے کے مقابلے میں یہ سپلائی ناکافی ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں دباؤ بڑھ رہا ہے، اگر آئندہ چند روز میں سپلائی بہتر نہ ہوئی تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے اور قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ فی الوقت مارکیٹ میں پیاز 140 روپے فی کلو جبکہ ٹماٹر 300 روپے فی کلو سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔