پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر، 5 اگست تک بارش کی پیشگوئی
08-03-2026
(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر اور وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 2 لاکھ 73 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 66 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 3 ہزار کیوسک ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ بالائی کیچمنٹ ایریاز میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔