حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983 ویں عرس کا دوسرا روز، لاہور پولیس ہائی الرٹ

08-03-2026

(لاہور نیوز) حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983 ویں سالانہ عرس کی تقریبات کے دوسرے روز سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جبکہ لاہور پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ملک بھر سے آنے والے زائرین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، داتا دربار پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، الیکٹرک بیریئرز اور دیگر جدید سکیورٹی آلات کے ذریعے چیکنگ کا مؤثر نظام نافذ کیا گیا ہے۔ سی سی پی او  نے ہدایت کی کہ داتا دربار آنے والی خواتین، بچوں اور بزرگ زائرین کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جائے، جبکہ سینئر پولیس افسران دربار انتظامیہ اور منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ سکیورٹی انتظامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی کہ داتا صاحب کمپلیکس اور گرد و نواح میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں، تاکہ زائرین کو آمد و رفت میں کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ بلال صدیق کمیانہ کے مطابق پولیس افسران اور جوان شب و روز فیلڈ میں موجود ہیں اور زائرین کی حفاظت کیلئے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے۔ سی سی پی او لاہور  نے مزید ہدایت کی کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس اور چہلم حضرت امام حسینؑ کے پیش نظر شہر بھر میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔