وزیراعلیٰ پنجاب کی گرین اکنامک زون کی تجویز پر آمادگی، ایکشن پلان طلب
08-03-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں جدید گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام سے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے وزیراعلیٰ کو او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے پنجاب میں گرین اکنامک زون کے قیام کے منصوبے پر بریفنگ دی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس تجویز سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبے پر عملدرآمد کیلئے جامع ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجوزہ گرین انڈسٹریل زون کے قیام سے 18 ہزار سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ سالانہ 5.6 ارب روپے آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے، منصوبے کے تحت سولر، ونڈ، ہائیڈرو، گراؤنڈ سورس انرجی، بیٹری سٹوریج اور ایچ وی او بیک اپ سسٹمز پر مشتمل جدید کلین انرجی انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق ماحول دوست مصنوعات کی برآمدات سے ملکی جی ڈی پی میں 1.5 فیصد تک اضافے اور علاقائی معیشت کو فروغ ملنے کی توقع ہے، جبکہ جدید گرین ٹیکنالوجی کے استعمال سے کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی اور نیٹ زیرو اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہر قسم کی سرمایہ کاری کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، صوبے میں نئے کاروبار اور صنعتوں کے آغاز کیلئے "زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ" پالیسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈو آپریشن اور تمام این او سیز کی فوری فراہمی کا مربوط نظام بھی قائم کیا جا چکا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کو انتظامی اور بیوروکریٹک رکاوٹوں سے پاک، محفوظ اور پرامن کاروباری ماحول فراہم کیا جا رہا ہے اور حکومت کا عزم ہے کہ پنجاب کو جدید گرین انڈسٹری اور تجارتی سرگرمیوں کا عالمی مرکز بنایا جائے۔