شاہد آفریدی کا نرمل پرجا اور براڈ پیک حادثے کے جاں بحق کوہ پیماؤں کو خراجِ عقیدت

08-02-2026

(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے براڈ پیک پر پیش آنے والے المناک برفانی تودے کے حادثے میں عالمی شہرت یافتہ برطانوی نژاد نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا (نمز دائی) اور دیگر جاں بحق کوہ پیماؤں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ کچھ ہیرو کھیل کے میدانوں یا اسٹیڈیمز میں نہیں کھیلتے بلکہ دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کر کے اپنی جرات اور عزم کی نئی مثالیں قائم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرمل پرجا نے اپنی غیر معمولی ہمت، نظم و ضبط اور غیر متزلزل عزم سے ثابت کیا کہ اگر انسان کے ارادے مضبوط ہوں تو ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ ان کی کامیابیاں صرف کوہ پیمائی تک محدود نہیں رہیں بلکہ انہوں نے پوری دنیا میں لاکھوں افراد کو اپنے خوابوں کے حصول کے لیے حوصلہ اور امید فراہم کی۔ سابق کپتان نے اپنے پیغام میں براڈ پیک پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نرمل پرجا اور ان کے ساتھ جاں بحق ہونے والے تمام کوہ پیماؤں کی المناک موت انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ نہ صرف کوہ پیمائی کی دنیا بلکہ کھیل اور مہم جوئی سے وابستہ ہر فرد کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ نرمل پرجا اور ان کے ساتھیوں کی جرات، بہادری اور قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور آنے والی نسلیں ان کے عزم اور حوصلے سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔ ان کے مطابق ایسے افراد اپنی زندگی میں ہی نہیں بلکہ اپنے بعد بھی دوسروں کے لیے مشعلِ راہ بن جاتے ہیں۔