کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کا کریمینل ریکارڈ چیک کروایا جائے، سی ٹی او لاہور کا حکم

08-02-2026

(ویب ڈیسک)سی ٹی او لاہور کی جانب سے کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کا کریمینل ریکارڈ چیک کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی زیرصدارت حادثات کی روک تھام کےلئے اہم اجلاس ہوا جس میں تمام پبلک سروس اور کمرشل ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ اور ڈرائیونگ ہسٹری چیک کروانے کا حکم دیا گیا۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز فخر بشیر راجہ کو حادثات کی وجوہات اور انکی روک تھام کے ممکنہ اقدامات کا خصوصی ٹاسک دیا گیا، لاہور میں تقریباً پانچ فیصد کمرشل گاڑیاں رجسٹرڈ جبکہ 48فیصد مہلک حادثات انکی وجہ سے رونما ہوئے۔ اب کوئی بھی ٹرانسپورٹ یونین کریکٹر سرٹیفکٹ کے بغیر اور ریکارڈ یافتہ ڈرائیور کو گاڑی نہ دے، سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ جرائم یا بار بار حادثات میں ملوث ڈرائیورز کو ڈرائیونگ سے دور رکھا جائے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ غیر ذمہ دار ڈرائیورز کو دوبارہ گاڑیاں دینے والے مالکان کارروائی کی زد میں آئیں گے، اب حادثات کے ذمہ دار ڈرائیورز اور سہولت کاروں دونوں کا احتساب ہوگا۔ اجلاس میں تمام کمرشل ڈرائیورز و پبلک سروس وہیکل ڈرائیورز کے لائسنس کی جانچ پڑتال کا بھی فیصلہ کیا گیا، سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ ویلڈ لائسنس رکھنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی جائے گی، سی ٹی او نے کہا کہ لاہور میں کمرشل گاڑیوں کے حادثات کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی نافذ ہے،حادثات کی بڑی وجوہات ختم کرنے کے لیے سخت مانیٹرنگ کا آغاز کردیا گیا،روڈ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں،زیرو ٹولرنس پالیسی اپنانا ہوگی۔