لاہور سمیت پنجاب بھر کے گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات، سکیورٹی ہائی الرٹ

08-02-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر کے گرجا گھروں میں منعقد ہونے والی دعائیہ تقریبات کے پیش نظر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر سینئر پولیس افسران کو سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ سپروائزری افسران خود گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور حفاظتی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے حکم دیا کہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے، جبکہ سنائپرز بھی اہم مقامات پر تعینات کیے جائیں۔ اس کے علاوہ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ (PRU) اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ جاری رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے تمام تعینات افسران اور اہلکاروں کو ہر وقت چوکس رہنے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گرجا گھروں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے جائیں۔ انہوں نے علما کرام، مسیحی برادری اور ضلعی امن کمیٹیوں کے اراکین پر بھی زور دیا کہ وہ باہمی تعاون کے ذریعے بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔