چہلم حضرت امام حسینؓ اورعرس داتا گنج بخشؒ: پنجاب بھرمیں ہائی الرٹ، 42 ہزار پولیس اہلکار تعینات
08-02-2026
(لاہور نیوز) چہلم حضرت امام حسینؓ اور حضرت داتا علی ہجویریؒ (داتا گنج بخشؒ) کے سالانہ عرس کے موقع پر پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عبدالکریم کے مطابق چہلم کے موقع پر 730 مجالس اور 420 عزاداری جلوس منعقد ہوں گے، جن کی سکیورٹی کے لیے لاہور سمیت پورے صوبے میں 42 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ لاہور میں 44 مجالس اور 17 عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض انجام دیں گے، جبکہ چیکنگ کے لیے 390 واک تھرو گیٹس اور 6 ہزار 427 میٹل ڈیٹیکٹرز استعمال کیے جائیں گے۔ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جائے گی، جبکہ ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور رضاکار بھی سکیورٹی انتظامات میں معاونت کریں گے۔ انہوں نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں۔ حضرت داتا علی ہجویریؒ کے عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے زائرین کی حفاظت کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ سپیشل کنٹرول رومز سے جلوسوں، مجالس اور عرس کی تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے اور خواتین عزاداروں کی تلاشی کے لیے لیڈی پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔ آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی ہے کہ امن کمیٹیوں، کمیونٹی لیڈرز اور سول سوسائٹی سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ چہلم اور عرس کی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوسکیں۔