ایل این جی سپلائی متاثر، گھریلو گیس کنکشنز عارضی طور پر روک دیئے گئے
08-01-2026
(لاہور نیوز) آبنائے ہرمز میں کشیدہ صورتحال اور ایل این جی کی محدود درآمد کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نئے گھریلو گیس کنکشنز کی فراہمی تاحال معطل ہے، جس سے ہزاروں صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 6 ہزار سے زائد نئے گیس کنکشنز کی درخواستوں پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے، اس کے علاوہ 85 ہزار 800 سے زائد صارفین، جنہوں نے ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کر دی تھی، اب بھی کنکشن کے منتظر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ سے زائد صارفین نے 25 ہزار روپے کا ارجنٹ واؤچر جمع کروایا، تاہم ان کے ڈیمانڈ نوٹس پر بھی عملدرآمد روک دیا گیا، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے اپریل میں نئے گھریلو گیس کنکشنز کی درخواستوں پر کارروائی عارضی طور پر روک دی تھی۔ ذرائع کے مطابق مہنگی ایل این جی کو سسٹم گیس میں شامل نہ کئے جانے کے باعث گھریلو صارفین کو روزانہ صرف محدود اوقات میں گیس فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی بلند قیمتوں کے سبب درآمد بھی کم سے کم رکھی گئی ہے۔ دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی کے حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ نئے گیس کنکشنز پر مستقل پابندی عائد نہیں کی گئی، ایل این جی کی سپلائی متاثر ہونے کے باعث نئے گھریلو کنکشنز کا اجرا عارضی طور پر روکا گیا ہے اور جیسے ہی سپلائی معمول پر آئے گی، نئے کنکشنز جاری کرنے کا عمل دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔