لاہور کو بیگرز فری سٹی بنانے کا فیصلہ، اداروں کو مشترکہ آپریشن کرنے کا حکم

08-01-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ، پہلے مرحلے میں لاہور کو بھکاری مافیا سے پاک کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب میں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں پیشہ ور بھکاریوں اور ان کے نیٹ ورک کے خلاف مؤثر اور مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر، سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ڈی جی سوشل ویلفیئر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل، ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل عبدالرؤف سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی مقامات پر موجود پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی جبکہ بھکاری مافیا کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے سیف سٹی اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کو بھی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ قانون کے مطابق پنجاب میں کسی شخص کو زبردستی بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو زبردستی بھیک منگوانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پیشہ ور بھکاریوں کے ہینڈلرز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے اور گرفتار ملزمان کو مؤثر پراسیکیوشن کے ذریعے سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ سزاؤں اور جرمانوں میں اضافے سے بھکاری مافیا کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت اس مسئلے کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں بار بار گرفتار ہونے والے پیشہ ور بھکاریوں کا ڈیٹا بیس مرتب کرنے، ضرورت مند افراد کے ریکارڈ کو اپڈیٹ رکھنے اور بھکاریوں کے ہاٹ سپاٹ مقامات کی نشاندہی کرکے مؤثر کارروائیاں کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومت پنجاب ویلفیئر ہومز کو معاشرتی فلاح و بہبود کے مراکز کے طور پر مزید فعال بنا رہی ہے تاکہ حقیقی ضرورت مند افراد کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔