مانگا منڈی میں خاتون کے قتل کا معمہ حل، سوتن سمیت 3 ملزمان گرفتار
08-01-2026
(لاہور نیوز) مانگا منڈی کے علاقے میں خاتون شہری کرن بی بی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے مقدمے میں پولیس نے مرکزی ملزمہ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کرن بی بی کی سوتن ہی قتل کی مرکزی ملزمہ نکلی، جبکہ دونوں ایک ہی گھر میں رہائش پذیر تھیں، واقعے کا نوٹس ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے لیا تھا، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن صدر کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ مانگا منڈی مرتضیٰ اسلم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق معمولی تلخ کلامی کے بعد خاتون ملزمہ نے اپنے ساتھیوں کو موقع پر بلایا، جنہوں نے فائرنگ کرکے کرن بی بی کو قتل کر دیا، جبکہ واردات کے بعد ملزمان فرار ہو گئے تھے۔ ایس پی انویسٹی گیشن صدر کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، خواتین اور بچوں کے قتل میں ملوث ملزمان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔