ٹریفک پولیس پنجاب میں لائسنسنگ نظام مکمل ڈیجیٹل بنا دیا گیا
08-01-2026
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی سربراہی میں ٹریفک پولیس میں بین الاقوامی معیار کی جدید اصلاحات نافذ کر دی گئی ہیں، جن کا مقصد شفافیت، عوامی سہولت اور ٹریفک نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ڈی ایل آئی ایم ایس 2.0 (DLIMS 2.0) کے ذریعے لائسنسنگ نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا گیا، جس سے شہریوں کو تیز، آسان اور شفاف آن لائن لائسنسنگ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، آن لائن نظام میں نئے لرنر لائسنس، تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کی سہولیات بھی متعارف کرائی گئی ہیں، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں 33 موبائل پولیس و لائسنسنگ یونٹس متعارف کرائے گئے ہیں، جو شہریوں کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کر رہے ہیں، موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹس کے ذریعے انصاف اور سہولت کو عوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایکسیڈنٹ ڈیسک کے قیام اور مؤثر تحقیقات کے باعث ٹریفک حادثات میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ کنجیشن اور انکروچمنٹ ڈیسک کے قیام سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے اور مختلف شہروں میں سفر کے دورانیے میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ جدید نگرانی کے نظام سے لائسنسنگ میں میرٹ اور شفافیت کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے، ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی اور پی ایس وی ڈرائیونگ ٹیسٹ کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ اے آئی ڈرائیونگ ٹیسٹ کار جدید لائسنسنگ نظام میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ون ایپ کے ذریعے ایویڈنس بیس چالاننگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ٹریفک پولیس کو جدید عالمی معیار کے مطابق استوار کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ، شفاف اور جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔