ایم ڈی کیٹ 2026: ایک لاکھ 36 ہزار امیدواروں کی رجسٹریشن، تمام تیاریاں مکمل
08-01-2026
(لاہور نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
ملک بھر سے ایک لاکھ 36 ہزار 86 امیدواروں نے فیس جمع کرانے کے بعد حتمی رجسٹریشن کروا لی ہے، جبکہ داخلہ ٹیسٹ 16 اگست کو صبح 10 بجے ملک بھر میں بیک وقت منعقد ہوگا۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح ساڑھے 6 بجے سے 7 بجے کے درمیان اپنے امتحانی مراکز پہنچ جائیں۔ تین گھنٹے پر مشتمل ایم سی کیوز پر مبنی امتحان 180 نمبروں کا ہوگا اور اس میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے کم از کم 55 فیصد جبکہ بی ڈی ایس کے لیے 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ شفافیت یقینی بنانے کے لیے ہر امیدوار کو سوالیہ پرچے کی کاربن کاپی بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے جوابات کا ریکارڈ محفوظ رکھ سکے، جبکہ امتحان ختم ہونے کے فوراً بعد جوابات کی ویب سائٹ جاری کر دی جائے گی۔ پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کے نتائج 22 اگست تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ امتحان کے انعقاد کی ذمہ داریاں مختلف اداروں کو سونپی گئی ہیں۔ پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ میں سکھر آئی بی اے، خیبر پختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ ٹیسٹ کا انتظام کریں گی۔ اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور سعودی عرب کے شہر ریاض میں مقیم پاکستانی امیدواروں کے لیے امتحان شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر انتظام ہوگا۔ بلوچستان کے طلبہ کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں بھی خصوصی امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے، جہاں صرف بلوچستان ڈومیسائل رکھنے والے امیدوار امتحان دے سکیں گے۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق سندھ میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لیے مجموعی طور پر 5 ہزار 100 نشستیں مختص ہیں، جن میں 2 ہزار 300 ایم بی بی ایس اور 2 ہزار 800 بی ڈی ایس کی نشستیں شامل ہیں۔