پی ایم ڈی سی کا افغانستان سے میڈیکل ڈگری رکھنے والے طلبہ کیلئے بڑا اعلان
08-01-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے واضح کیا ہے کہ افغانستان کے میڈیکل اور ڈینٹل اداروں سے ڈگری حاصل کرنے والے پاکستانی شہری نیشنل رجسٹریشن ایگزامینیشن (این آر ای) میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے، اس لیے وہ پاکستان میں بطور ڈاکٹر یا ڈینٹسٹ رجسٹریشن اور پریکٹس بھی نہیں کر سکیں گے۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری پبلک نوٹس کے مطابق بیرون ملک سے میڈیکل یا ڈینٹل تعلیم مکمل کرنے والے تمام پاکستانی گریجویٹس کے لیے پاکستان میں رجسٹریشن سے قبل نیشنل رجسٹریشن ایگزامینیشن پاس کرنا لازمی ہے۔ کونسل کے مطابق صرف وہی امیدوار این آر ای میں شرکت کے اہل ہوں گے جنہوں نے اپنی بنیادی میڈیکل یا ڈینٹل ڈگری ایسے غیر ملکی اداروں سے حاصل کی ہو جو ایجوکیشنل کمیشن فار فارن میڈیکل گریجویٹس (ECFMG) کی تسلیم شدہ فہرست میں شامل ہوں اور دیگر تمام مقررہ شرائط بھی پوری کرتے ہوں۔ پی ایم ڈی سی نے کہا کہ افغانستان کے میڈیکل اور ڈینٹل ادارے اس وقت ای سی ایف ایم جی کی منظور شدہ فہرست میں شامل نہیں، لہٰذا وہاں سے فارغ التحصیل پاکستانی طلبہ این آر ای، پی ایم ڈی سی رجسٹریشن اور پاکستان میں طب و دندان سازی کی پریکٹس کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔ کونسل نے افغانستان میں زیر تعلیم یا وہاں داخلے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مستقبل کے پیشہ ورانہ تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں، کیونکہ مقررہ اہلیت کے معیار میں کسی قسم کی رعایت یا خصوصی استثنا نہیں دیا جائے گا۔ یہ پبلک نوٹس طلبہ کو مستقبل میں ممکنہ مشکلات سے آگاہ کرنے اور عوامی مفاد کے پیش نظر جاری کیا گیا ہے۔