سی سی پی او کی زیر صدارت اجلاس،چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس داتا گنج بخشؒ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

08-01-2026

(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سینئر پولیس افسران نے سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ چہلم اور عرس کے موقع پر شہر بھر میں 12 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔ چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر مجموعی طور پر 73 مجالس اور 34 جلوس برآمد ہوں گے۔ بریفنگ کے مطابق مجالس میں اے کیٹیگری کی 9، بی کیٹیگری کی 59 اور سی کیٹیگری کی 5 مجالس شامل ہیں، جبکہ جلوسوں میں اے کیٹیگری کے 4 اور بی کیٹیگری کے 19 جلوس نکالے جائیں گے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگر سکیورٹی آلات کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پولیس افسران چہلم کے جلوسوں، امام بارگاہوں اور داتا دربار کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، جبکہ سپروائزری افسران خود تمام روٹس اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ سی سی پی او نے سیف سٹیز اتھارٹی اور دیگر کنٹرول رومز کے ذریعے جلوسوں، زائرین اور عزاداروں کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ عزاداروں اور زائرین کی سہولت کے لیے جامع اور متبادل ٹریفک پلان مرتب کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید، ایس پی سکیورٹی اور تمام ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔