برائلر گوشت کے نرخ میں اضافہ، قیمت 473 روپے کلو مقرر
08-01-2026
(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث برائلر گوشت اور انڈے مزید مہنگے ہو گئے ہیں۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت میں 19 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی سرکاری قیمت 473 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، تاہم بازار میں صافی گوشت 560 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب زندہ برائلر کے فارم گیٹ ریٹ میں 13 روپے فی کلو کمی کے بعد نئی قیمت 298 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، ہول سیل سطح پر زندہ برائلر 399 روپے فی کلو جبکہ پرچون بازار میں 326 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران برائلر گوشت کی قیمت میں مجموعی طور پر 48 روپے فی کلو تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادھر انڈوں کی قیمت میں بھی ایک روپے فی درجن اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سرکاری قیمت 268 روپے فی درجن مقرر کر دی گئی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی 7 ہزار 910 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔