پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں 475 نئی نشستوں کی منظوری
08-01-2026
(لاہور نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجوں میں 475 نئی نشستوں کی منظوری دے دی۔
اس منظوری سے نجی میڈیکل کالجز کی مہنگی فیسوں سے بچنے کیلئے طلباء کو بڑا ریلیف مل جائے گا، سرکاری کالجوں میں داخلوں کی مجموعی تعداد تقریباً 4 ہزار ہو جائے گی۔ نئی نشستوں کے اضافے سے طلباء کو سرکاری شعبے میں میڈیکل تعلیم کے مزید مواقع میسر آئیں گے اور مہنگی فیسیں وصول کرنے والے نجی میڈیکل کالجوں پر انحصار کم ہونے کا امکان ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس کا کہنا ہے کہ 475 نئی نشستیں تقریباً 5 نجی میڈیکل کالجوں کی مجموعی گنجائش کے برابر ہیں، جس سے زیادہ طلباء کو میرٹ کی بنیاد پر سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلہ مل سکے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری نشستوں میں اضافے سے نجی میڈیکل کالجوں کی اجارہ داری کمزور ہو گی، جبکہ لاکھوں روپے کی فیس ادا کرنے سے قاصر طلباء کو بھی ریلیف ملے گا۔