وزیراعظم شہباز شریف کا غزہ امن منصوبے کا خیرمقدم، فلسطینی ریاست کے قیام پر زور
07-31-2026
(لاہورنیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ امن منصوبے کے تحت غیر مسلح ہونے کے فریم ورک پر عمل درآمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس پیش رفت کو مثبت قدم سمجھتا ہے۔
ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے بورڈ آف پیس کی نگرانی میں ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور اس کامیابی کے لیے امریکہ، مصر، قطر اور ترکیہ سمیت ثالث ممالک کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرات مندانہ قیادت میں حاصل ہونے والی یہ پیش رفت بورڈ آف پیس کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ غزہ امن منصوبے کے تحت کیے گئے تمام وعدوں پر عمل درآمد کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوششیں فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کی راہ بھی ہموار کریں گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ امید ہے ایک قابلِ اعتماد اور مقررہ مدت پر مبنی سیاسی عمل اختیار کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آئے گا۔