اگست سے اکتوبر تک ملک میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی: محکمہ موسمیات

07-31-2026

(لاہورنیوز) محکمہ موسمیات نے اگست سے اکتوبر 2026 کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارشوں اور معمول سے زیادہ درجہ حرارت کی پیش گوئی کرتے ہوئے مختلف موسمی خطرات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق اگست کے دوران پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارشیں معمول سے کم رہنے کا امکان ہے جب کہ شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی بارشوں کی کمی متوقع ہے، تاہم گلگت بلتستان میں بارشیں معمول کے قریب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگست میں ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر اور ہیٹ اسٹریس کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کم بارشیں خریف کی اہم فصلوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ثابت ہو سکتی ہیں، جبکہ پنجاب اور سندھ میں پانی کی قلت کے خدشات کے باعث آبپاشی کی ضرورت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس سے زرعی شعبہ متاثر ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب شمالی علاقوں میں زیادہ درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلاف)، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کے خطرات برقرار رہیں گے۔ اِسی طرح جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، بڑے شہروں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی صورت میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی برقرار رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ تیز ہوائیں، گرد آلود آندھیاں، گرج چمک اور ژالہ باری بھی مختلف علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ نشیبی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔