ویمنز ٹی20: سری لنکا ویمنز ٹیم کی پاکستان ویمنز ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست
07-31-2026
(لاہور نیوز) سری لنکا ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
دمبولا میں کھیلے گئے میچ میں میزبان سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو پاکستان نے جارحانہ کھیلتے ہوئے 66 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ کپتان منیبہ علی 24 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ دوسری وکٹ پر ایمان نصیر نے شوال ذولفقار کے ساتھ 61 رنز کی شراکت قائم کرکے سکور 127 رنز تک پہنچا دیا۔ تاہم اس کے بعد یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ شوال ذوالفقار 63 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہیں جبکہ ایمان نصیر 21 اور عائشہ ظفر 17 رنز بناکر دیگر نمایاں بلے باز رہیں۔ سری لنکا کی جانب سے کویشا دلہاری نے 2 جبکہ کاویا کاوندی، سوگاندیکا کماری اور چمودی پرابودا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سری لنکن ٹیم نے اوپنر ایمیشا دلانی کی 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت ہدف 4 وکٹوں پر 19 اوورز میں حاصل کرلیا۔ کپتان چماری اتاپتو 39 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے 2 جبکہ حمنہ بلال اور ام ہانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 2 اگست اور آخری میچ 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔