سرکاری نرخ نامہ نظرانداز، ایل پی جی 430 روپے فی کلو تک فروخت

07-31-2026

(لاہور نیوز) ایل پی جی کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کیلئے مائع پٹرولیم گیس کی خریداری مشکل ہوتی جا رہی ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ایل پی جی سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے، اوگرا کی جانب سے رواں ماہ ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 روپے 43 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ گیس 380 سے 430 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، جس سے صارفین کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامہ موجود ہونے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ من مانے نرخ وصول کئے جا رہے ہیں، ایل پی جی کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔ دوسری جانب اوگرا اور دیگر متعلقہ سرکاری ادارے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جس کے باعث ایل پی جی ڈیلرز کی جانب سے مبینہ طور پر خودساختہ قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں۔ صارفین  نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔