سرکاری سکولوں کے ڈیڑھ کروڑ طلبہ کیلئے یونیک آئی ڈی بنانے کا فیصلہ
07-31-2026
(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن نے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم ڈیڑھ کروڑ طلبہ کیلئے یونیک آئی ڈی جاری کرنے اور یونیفائیڈ ڈیٹا سسٹم بنانے پر کام شروع کر دیا ہے۔
اس نظام کے ذریعے طلبہ کی ٹریکنگ ممکن ہو گی، جبکہ ایک کلک پر ان کے پاس یا فیل ہونے، کلاس، عمر، صحت اور رہائشی شہر سمیت دیگر بنیادی معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔ حکام کے مطابق سکول تبدیل کرنے کی صورت میں بھی طلبہ کی یونیک آئی ڈی برقرار رہے گی، جس سے تعلیمی ریکارڈ محفوظ رہے گا۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ بہتر انتظامی نظام اور تعلیمی معیار کو مؤثر بنانے کیلئے یہ یونیفائیڈ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔ محکمہ کے مطابق پہلے مرحلے میں سرکاری سکولوں کے طلبہ کیلئے یونیک آئی ڈی بنائی جائے گی، جبکہ بعد ازاں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ کیلئے بھی یونیک آئی ڈی لازمی ہو گی۔