لیسکو کی بجلی سے حادثات کی روک تھام کیلئے نئی حکمت عملی پر عملدرآمد شروع
07-31-2026
(لاہور نیوز) برسات کے دوران بجلی کی تنصیبات سے پیش آنے والے حادثات کی روک تھام کیلئے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے نئی حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کر دیا۔
اس سلسلے میں مساجد اور مدارس کے ذریعے عوامی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، لیسکو کی عوامی آگاہی مہم کے تحت مختلف مدارس میں بجلی سے متعلق حفاظتی لیکچرز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ، اساتذہ اور شہریوں کو برقی حادثات سے بچاؤ کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں سینٹرل سرکل کے سرکل ٹریننگ سینٹر کی جانب سے مدرسہ دارالمدینہ ٹاؤن شپ میں حفاظتی آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جبکہ نارتھ سرکل کے سرکل ٹریننگ سینٹر نے مدرسہ غوثیہ، کریم پارک میں طلبہ اور اساتذہ کو بجلی کے محفوظ استعمال اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔ آگاہی لیکچرز کے دوران شرکاء کو برقی آلات، بجلی کے میٹروں، کھمبوں اور لٹکتی ہوئی تاروں سے محفوظ رہنے کے طریقوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس کے علاوہ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ کسی بھی خطرناک برقی صورتحال کی فوری اطلاع لیسکو کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کرکے ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے، لیسکو عوام میں بجلی سے متعلق حفاظتی شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ خصوصاً برسات کے موسم میں برقی حادثات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔