دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ
07-31-2026
(لاہور نیوز) سموگ کے تدارک اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے اہم فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کئے جائیں گے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ انسانی صحت اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات ناگزیر ہیں، اسی لئے آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بغیر ترپال مٹی، ریت اور دیگر تعمیراتی سامان لے جانے والی ٹریکٹر ٹرالیوں اور ڈمپروں کا شہر لاہور میں داخلہ بدستور ممنوع ہے، اس پابندی کی خلاف ورزی پر اب تک 1013 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق سموگ کے تدارک کیلئے شہر کے 12 داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کی گئی ہیں، جبکہ 45 اسپیشل ٹیمیں بھی مختلف مقامات پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ دھواں چھوڑنے والی 3 ہزار 649 گاڑیوں اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی 2 ہزار 183 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور خستہ حال 6 ہزار 820 گاڑیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ بغیر ترپال، پانی کے چھڑکاؤ اور دیگر حفاظتی اقدامات کے بغیر ٹریکٹر ٹرالیاں چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سسٹم کی مدد سے بھی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کر کے چالان کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سموکی گاڑیوں کی مرمت اور فٹنس یقینی بنانے کیلئے متعدد سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کو مراسلے جاری کئے جا چکے ہیں، اور اب خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، فضائی آلودگی کے خاتمے اور شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔