دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب
07-31-2026
(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے سندھ کے کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح نارمل ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول پر ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق کالاباغ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 63 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ میں 2 لاکھ 94 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ کے وزیرآباد میں نالہ پلکھو پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں نالہ پلکھو میں پانی کا بہاؤ 3 ہزار 600 کیوسک ہے۔ اسی طرح نارووال میں نالہ بسنتر میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ انہوں نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں بنیادی سہولیات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے کناروں پر غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں، جبکہ بچوں کو ہرگز دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے نہ دیا جائے۔