نمبیو کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس 2026: لاہور دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل
07-31-2026
(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں جرائم کی روک تھام کیلئے اختیار کی گئی مؤثر حکمت عملی کے مثبت نتائج عالمی سطح پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں۔
نمبیو کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس 2026 کے مطابق لاہور دنیا کے محفوظ ترین بڑے شہروں میں شامل ہو گیا ہے، جبکہ فہرست میں شامل بڑے شہروں کے مقابلے میں لاہور کا کرائم انڈیکس سب سے کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیفٹی انڈیکس میں لاہور نے کراچی، نئی دہلی، پیرس، لندن، واشنگٹن، نیویارک اور میکسیکو سٹی جیسے بڑے شہروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جو شہر میں امن و امان کی بہتر صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق مڈ 2025 کے مقابلے میں مڈ 2026 کے دوران لاہور کا کرائم انڈیکس 36.8 سے کم ہو کر 36.2 پر آ گیا، جبکہ سیفٹی انڈیکس گزشتہ سال کے 63.2 سے بڑھ کر 63.8 ریکارڈ کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کا کہنا ہے کہ کرائم انڈیکس میں مسلسل کمی اور سیفٹی انڈیکس میں اضافہ لاہور پولیس کی مؤثر حکمت عملی، بروقت کارروائیوں اور جرائم کے انسداد کیلئے کئے گئے اقدامات کا واضح ثبوت ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پر مزید قابو پانے کیلئے لاہور پولیس اپنی کوششیں اسی جذبے سے جاری رکھے گی۔