محسن نقوی کی زیر صدارت پی ایس ایل جائزہ اجلاس، سیزن 11 کی تیاریوں پر اہم فیصلے
07-31-2026
(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کا جائزہ لینے کے ساتھ آئندہ سیزن کی تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں آنے والے سیزن کی ونڈو، پلیئنگ کنڈیشنز، ڈائریکٹ سائننگ اور ریٹینشن پالیسی سے متعلق جلد ورکشاپس کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔ شرکا نے گیارہویں سیزن میں متعارف کرائی گئی تبدیلیوں اور 44 میچز کے دوران کرکٹ کے معیار کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 نے سوشل میڈیا، اسٹریمنگ پلیٹ فارمز اور ٹی وی پر ریکارڈ ویورشپ حاصل کی۔ شرکا نے مشکل حالات میں لیگ کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس میں آف سیزن اور پری سیزن کے دوران شائقین کرکٹ کے لیے مختلف سرگرمیوں کے انعقاد ، پی ایس ایل اور تمام آٹھ فرنچائزز کے باہمی اشتراک سے لیگ کا آفیشل مرچنڈائز پلیٹ فارم لانچ کرنے کی تجویز پر بھی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اہم اجلاس اگست کے آخری ہفتے میں منعقد ہوگا، جبکہ اجلاس کی تاریخ، وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر پی سی بی جاوید مرتضیٰ، ڈائریکٹر پی ایس ایل عثمان واہلہ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔