مون سون بارشوں سے ملک بھر میں ہونیوالے نقصانات کی تفصیل جاری

07-30-2026

(لاہور نیوز) ملک بھر میں مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 8 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوئے، 26 جون سے اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 121 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں 279، خیبرپختونخوا میں 80، بلوچستان میں 15، آزاد کشمیر میں 5 اور سندھ میں 2 افراد زخمی ہوئے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث اب تک 381 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 55 بچے، 41 مرد اور 25 خواتین شامل ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں 55، پنجاب میں 45، آزاد کشمیر میں 10، بلوچستان میں 8، سندھ میں 2 جبکہ گلگت بلتستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ رپورٹ کے مطابق بارشوں سے مجموعی طور پر 901 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 459 مویشی سیلاب کی نذر ہوئے، اس کے علاوہ 36 پلوں اور 25 کلومیٹر سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا۔