اوورسیز پاکستانیوں کو ہر قسم کی سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے, وزیر اعظم
07-30-2026
(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سفارتخانوں میں سہولیات میں اضافے، دستاویزات کے تصدیقی عمل کی ڈیجیٹائیزیشن، شکایات کے عمل کو مزید سہل بنانے اور بیرون ملک سے پاکستان میں مختلف کاموں و ادائیگیوں کے لیے ڈیجیٹل نظام کے حوالے سے وزارت خارجہ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی۔ اس سلسلے میں ہونے والے اجلاس میں وزارت خارجہ، مختلف ممالک میں پاکستان کے سفرا، وزارت داخلہ، ایف آئی اے وزارت آئی ٹی اور متعلقہ اعلی حکام نے وزیراعظم کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاؤر آف اٹارنی اور جائیداد کی خرید و فروخت کا نظام اور دستاویزات کے تصدیقی عمل کو آسان بنانے کے لیے کیو-آر کوڈ متعارف کروایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیو-آر (QR) کوڈ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج کی ڈیجیٹائیزیشن خوش آئند ہے، سفارتخانوں میں اسے آویزاں کرکے رسائی میں اضافہ کیا جائے، کیو-آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کے حوالے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی آگہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس نظام کے ذریعے شکایات کا اندراج کرواسکیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تصدیقی عمل کو ون-اسٹپ کردیا گیا ہے، آئندہ مرحلے میں اس پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے، اس حوالے سے این آئی ٹی بی کے تعاون سے موبائل ایپلی کیشن تیار کی جاری ہے،جس میں برتھ/ڈیتھ سرٹیفیکیٹ، میرج رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ وغیرہ جیسے دستاویز کی بھی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے تصدیق ممکن ہوگی۔ بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاؤر آف اٹارنی اور جائیداد کی خرید و فروخت کا نظام اور دستاویزات کے تصدیقی عمل کو آسان بنانے کے لیے کیو-آر کوڈ متعارف کروایا جا چکا ہے۔