پولیس ٹریننگ کالج چنگ میں 1156 لیڈی ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ، مریم نواز تقریب کی مہمانِ خصوصی

07-30-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس ٹریننگ کالج چنگ میں لیڈی ریکروٹ کلاس کورس 18 کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں پنجاب پولیس اور پنجاب ہائی وے پولیس کی 1156 لیڈی ریکروٹس نے تربیت مکمل کرنے کے بعد پاس آؤٹ کیا۔

وزیراعلیٰ کی پریڈ گراؤنڈ آمد پر لیڈی پائلٹس اسکواڈ نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے جبکہ ان پر گل پاشی کی گئی اور شاندار استقبال کیا گیا۔ تقریب میں شریک لیڈی ریکروٹس اور ان کے والدین نے بھی وزیراعلیٰ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ تقریب کے دوران پنجاب پولیس کی لیڈی ریکروٹس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعلیٰ کو جنرل سلامی پیش کی۔ مریم نواز شریف نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، مارچ پاسٹ دیکھا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی لیڈی ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج کیپٹن سہیل نے وزیراعلیٰ کو یادگاری پینٹنگ پیش کی، لیڈی کمانڈوز نے مختلف فارمیشنز کے ذریعے سلامی پیش کی۔ پنجاب پولیس کی تاریخ میں پہلی بار لیڈی کمانڈوز نے مختلف فارمیشنز بنا کر وزیراعلیٰ پنجاب کا مخفف CMP تشکیل دیا۔ تقریب کے اختتام پر پنجاب پولیس کے بینڈ نے قومی اور ملی نغموں کی دھنیں پیش کیں، تقریب میں موجود شرکا نے لیڈی ریکروٹس کی پیشہ ورانہ مہارت اور نظم و ضبط کو سراہا۔