پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ہسپتالوں کی کینٹینز پر چھاپے، معروف ہسپتال کی کینٹین بند
07-30-2026
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مختلف ہسپتالوں کی کینٹینز پر اچانک چھاپے مار کر حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کیں۔
کارروائی کے دوران ایک معروف ہسپتال کی کینٹین کو بند جبکہ تین دیگر کینٹینز پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 30 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے مطابق معائنہ کے دوران ایک کینٹین کے کچن میں بلی، مکھیوں، مچھروں اور دیگر حشرات کی بھرمار پائی گئی، جبکہ صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات بھی سامنے آئے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر معیاری صفائی، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور ناقص انتظامات پر متعلقہ کینٹینز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہسپتالوں سمیت تمام فوڈ پوائنٹس کی باقاعدہ نگرانی جاری رہے گی اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔