پنجاب کے بیشتردریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر، مون سون کے چوتھے اسپیل سے نئے سیلابی خطرات برقرار
07-30-2026
(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر آ چکا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے چناب کے تمام بیراجز، دریائے راوی کے تمام ہیڈز، جبکہ دریائے جہلم اور ستلج میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ ترجمان کے مطابق دریائے سندھ میں صرف کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جہاں پانی کی آمد 3 لاکھ 31 ہزار کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 23 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تربیلا، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی صورتحال نارمل ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ نالہ ایک اور بئیں میں نچلے درجے جبکہ وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے خبردار کیا ہے کہ بالائی کیچمنٹ علاقوں میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ پی ڈی ایم اے نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کا بھی اظہار کیا ہے۔