ون وے کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے ہاٹ سپاٹس پر کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

07-30-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں ون وے کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور ٹریفک حادثات میں کمی لانے کیلئے اہم فیصلہ کر لیا گیا۔

ٹریفک حکام  نے صوبے کے مختلف شہروں میں ون وے کی خلاف ورزی کے ہاٹ سپاٹس پر جدید کیمرے نصب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ حکام کے مطابق لاہور میں ون وے کی خلاف ورزی کے 91 ہاٹ سپاٹ مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ سمیت 6 شہروں میں مجموعی طور پر 222 ہاٹ سپاٹ پوائنٹس کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ ون وے کی خلاف ورزی ہے، اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 70 فیصد حادثات کسی نہ کسی شکل میں ون وے کی خلاف ورزی سے منسلک ہوتے ہیں، جبکہ حادثات کی وجوہات میں یہ خلاف ورزی دوسرے نمبر پر آتی ہے۔ حکام  نے بتایا کہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد کیلئے ہاٹ سپاٹس کی تفصیلات سیف سٹیز اتھارٹی کو ارسال کر دی گئی ہیں، جبکہ ان مقامات پر اے این پی آر  کیمروں کی تنصیب کیلئے بھی مراسلہ بھجوایا گیا ہے۔ ٹریفک حکام کے مطابق جہاں اے این پی آر کیمرے فوری طور پر دستیاب نہیں ہوں گے، وہاں نگرانی کیلئے پورٹیبل کیمرے نصب کئے جائیں گے تاکہ خلاف ورزیوں پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیمروں کی تنصیب کے بعد متعلقہ مقامات کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کو خودکار نظام کے تحت جرمانے بھی کئے جائیں گے، اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا اور سڑکوں پر حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لانا ہے۔