پولٹری مصنوعات سستی، برائلر کی قیمت میں 21 روپے فی کلو کمی
07-30-2026
(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پولٹری مصنوعات کے نئے سرکاری نرخ جاری کر دیئے گئے، برائلر مرغی کی قیمت میں 21 روپے فی کلو کمی کر دی گئی۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 425 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں صافی گوشت 500 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 15 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 265 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 279 روپے فی کلو اور پرچون بازار میں 293 روپے فی کلو فروخت کیا جائے گا۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، سرکاری نرخ کے مطابق انڈوں کی قیمت 266 روپے فی درجن برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں ایک پیٹی انڈوں کی قیمت 7 ہزار 860 روپے مقرر کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے دکانداروں کو سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔