بابر اعظم کو اسٹرائیک سے ہٹانے کیلیے ویسٹ انڈیز کی اوچھی حرکت، ویڈیو وائرل

07-29-2026

(ویب ڈیسک)ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران ایک غیر معمولی حکمت عملی اپنائی جس پر کرکٹ حلقوں میں بحث چھڑ گئی۔

اوور کی آخری گیند پر بابر اعظم نے شاٹ کھیلا اور سنگل بنانا چاہا تو ویسٹ انڈین فیلڈر شمار جوزف نے گیند کو پکڑنے کے بجائے اسے باؤنڈری کی جانب بڑھنے دیا۔     شمار جوزف نے گیند کے باؤنڈری لائن سے ٹکرانے کا انتظار کیا اور اس مقصد سے تین اضافی رنز دے دیے تاکہ بابر اعظم کو اسٹرائیک سے دور رکھا جا سکے اور وہ زیادہ گیندوں کا سامنا نہ کر سکیں۔ واضح رہے کہ بابر اعظم نے گزشتہ روز پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ اچھی فارم میں دکھائی دے رہے تھے جس کے باعث ویسٹ انڈیز نے ان کے اثر کو محدود کرنے کے لیے یہ طریقہ اختیار کیا۔ کرکٹ حلقوں کی جانب سے اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم پر شدید تنقید کی جارہی ہے اور اسے کھیل کی روح کے منافی عمل قرار دیا جا رہا ہے۔ اہم بعض شائقین نے اسے ٹیسٹ کرکٹ میں حالات کے مطابق ایک جائز حکمت عملی بھی قرار دیا ہے۔