گلبرگ میں ہومیوپیتھک کلینک پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، ڈاکٹر زخمی
07-29-2026
(لاہور نیوز) گلبرگ تھری میں ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کے سامنے واقع ایک ہومیوپیتھک کلینک میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ڈاکٹر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کلینک میں داخل ہوئے اور فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اوکاڑہ کے رہائشی عبداللہ طاہر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو سر پر دو گولیاں لگیں، فائرنگ کے دوران ڈاکٹر ریاض خان بھی بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا جائزہ لیا، انہوں نے بتایا کہ مقتول عبداللہ طاہر ریت کے کاروبار سے وابستہ تھے اور معمول کے چیک اپ و فزیوتھراپی کیلئے کلینک آئے تھے، چند ماہ قبل اوکاڑہ میں بھی عبداللہ طاہر پر قاتلانہ حملہ ہو چکا تھا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد موٹرسائیکل پر فرار ہو گئے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں جبکہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کی ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے، ملزمان کی شناخت کیلئے سیف سٹیز اور علاقے کے دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ واقعے کی دیرینہ دشمنی سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، ایس پی ماڈل ٹاؤن کو ملزمان کی فوری ٹریسنگ اور گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔