نام بتائیں سر: محمد احمد کا اپنی تضحیک کا انکشاف ، فیصل قریشی کا سخت ردِعمل

07-29-2026

(ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار فیصل قریشی نے سینئر اداکار محمد احمد کی جانب سے ایک معروف پاکستانی اداکار کے ناروا رویے سے متعلق کیے گئے انکشاف پر سخت ردِعمل دیا ہے۔

فیصل قریشی نے محمد احمد کی ویڈیو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ نام بتائیں سر محمد احمد صاحب، میں جانوں اور پھر وہ۔   یہ ردِعمل اس وقت سامنے آیا جب محمد احمد نے ایک پوڈکاسٹ میں ایک معروف اداکار کے رویے سے متعلق تلخ تجربہ بیان کیا۔ محمد احمد نے کہا کہ اداکاروں کی اصل شخصیت اکثر نجی محفلوں اور سیٹ پر سامنے آتی ہے اور میں خود بھی کئی بار ایسے رویوں کا سامنا کر چکا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک نوجوان اداکار، جو مجھ سے تقریباً 40 سال چھوٹا ہے، شوٹنگ کے دوران اکثر میرا مذاق اڑاتا اور سب کے سامنے طنزیہ جملے کستا تھا۔ محمد احمد کے مطابق اس اداکار نے ایک موقع پر میرے چمڑے کے بیگ پر طنز کیا اور زور زور سے باتیں کیں تاکہ سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کرا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شوٹنگ کے دوران بھی اس اداکار نے مجھ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں لوگ محمد احمد کو کاسٹ کیوں کرتے ہیں، ان کی اداکاری بھی ایک جیسی ہے اور ہیئر اسٹائل بھی۔ محمد احمد نے ایک اور واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس اداکار نے ایک خاتون اداکارہ سے پنکھا لے کر ان کے سر کے اوپر ہیئر ڈرائر کی طرح گھمایا اور مذاق اڑاتے ہوئے کہا دیکھو، میں ان کا ہیئر سٹائل بنا رہا ہوں۔