میرپور انتخابات میں الیکشن کمیشن کا کردار کھل کر سامنے آ گیا، حسن مرتضیٰ
07-29-2026
(لاہور نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد کر دیئے۔
حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ میرپور ڈویژن کے انتخابات میں چار نشستوں پر مبینہ دھاندلی کی گئی، جس کے ویڈیو شواہد ان کے پاس موجود ہیں، متعدد پولنگ اسٹیشنز کو یرغمال بنایا گیا اور انتخابی عمل کے دوران قانون کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کے روز پیپلزپارٹی کا ایک کارکن شہید ہوا، جبکہ پولنگ سے ایک روز قبل بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، چودھری یاسین کی نشست پر تقریباً 30 پولنگ اسٹیشنز کو یرغمال بنایا گیا، الیکشن کمیشن کا کردار بھی میرپور کے انتخابات میں کھل کر سامنے آیا ہے، انتخابی نتائج عوامی مینڈیٹ کی عکاسی نہیں کرتے۔ پریس کانفرنس کے دوران حسن مرتضیٰ نے پنجاب کی صورتحال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ضروری ادویات دستیاب نہیں، جبکہ سرکاری ہسپتالوں اور سکولوں کی نجکاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ شاہدرہ سے مریدکے تک ہزاروں ایکڑ اراضی اور رانا ٹاؤن، کالا شاہ کاکو سمیت مختلف علاقوں میں ہزاروں گھر زیر آب ہیں، بھیڑ نالے کا بند ٹوٹنے سے ایک ہی خاندان کے تین بچے جاں بحق ہوئے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔