آج سے مون سون کا چوتھا سپیل، موسلادھار بارشوں سے اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

07-29-2026

(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج سے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 5 اگست تک جاری رہے گا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، میانوالی، لیہ، بھکر، نورپور تھل، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی موسلادھار بارش متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ اتھارٹی نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔