پنجاب کے بیشتر دریا معمول پر آگئے، دریائے سندھ میں کالا باغ اور تونسہ پر نچلے درجے کا سیلاب
07-29-2026
(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالا باغ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کالا باغ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح تونسہ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 10 ہزار کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 90 ہزار کیوسک ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ، تریموں، پنجند اور قادر آباد، دریائے راوی میں جسڑ، شاہدرہ، ہیڈ سدھنائی اور بلوکی جبکہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور ہیڈ اسلام کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں اور دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقامات پر بھی پانی کی صورتحال نارمل ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر میلہ نے خبردار کیا ہے کہ بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب نے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے کناروں پر غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں، جبکہ بچوں کو ہرگز دریاؤں اور برساتی نالوں میں نہانے نہ دیا جائے۔