لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ، موسم خوشگوار
07-29-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی و حبس کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
فتح گڑھ، کوٹ خواجہ سعید، ایل ڈی اے ایونیو، کینال روڈ، جوہر ٹاؤن، ٹاؤن شپ، گلبرگ، اقبال ٹاؤن اور ڈیفنس سمیت مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوائیں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی توقع ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔