پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم 37 ہزار سے زائد افراد ڈی پورٹ

07-29-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر سے اب تک 37 ہزار غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جن میں 37 ہزار افغان باشندے بھی شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ اس وقت 214 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، جنہیں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد واپس بھجوایا جائے گا۔ پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 14 ہزار 954 مرد، 7 ہزار 254 خواتین اور 14 ہزار 783 بچے شامل ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق واپس بھیجے جانے والوں میں 11 ہزار 145 رہائشی ثبوت رکھنے والے، 11 ہزار 137 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز اور 14 ہزار 709 غیر قانونی مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا عمل بلا تعطل جاری رہے گا۔