مون سون بارشیں: کمشنر لاہور کی تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات
07-29-2026
(لاہور نیوز) مون سون بارشوں کے پیش نظر کمشنر لاہور نعمان یوسف نے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ مین شاہراہوں، ذیلی سڑکوں اور نشیبی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ ڈے کے باعث ٹریفک کی روانی ہر صورت برقرار رکھی جائے۔ کمشنر نے واسا، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) اور ایل ڈی اے کی تمام فیلڈ ٹیموں کو موقع پر موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں نکاسی آب کے آپریشن کی خود نگرانی کریں۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو ہر صورت کلیئر رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری ردعمل دیا جائے۔ سی بی ڈی، روڈا اور دیگر متعلقہ اداروں کی فیلڈ ٹیموں کو بھی اپنے مقررہ مقامات پر الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے،بجلی کی بندش کی صورت میں ڈسپوزل سٹیشنز کو جنریٹرز پر چلایا جائے، تمام پمپس مکمل طور پر فعال رکھے جائیں اور سکرینوں کی باقاعدگی سے صفائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واسا کے تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ کریں اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔