سمارٹ لاک ڈاؤن میں اضافے کی چہ مگوئیاں، تاجر برادری نے مخالفت کر دی
07-29-2026
(ویب ڈیسک) فیول کرائسز سے نمٹنے کیلئے مبینہ طور پر سمارٹ لاک ڈاؤن میں اضافے اور کاروباری اوقات مزید محدود کئے جانے کی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں، جس پر تاجر برادری نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مخالفت کر دی ہے۔
آل پاکستان پان سگریٹ ایسوسی ایشن نے حکومت سے دکانوں کے اوقات کار میں ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے، ایسوسی ایشن کے صدر وسیم علی کا کہنا ہے کہ فیول کرائسز کے نام پر ایک مرتبہ پھر تاجروں کو مشکلات سے دوچار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو واضح طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اس بار تاجر برادری خاموش نہیں بیٹھے گی، پہلے سے نافذ کاروباری اوقات پر عمل درآمد کے باعث تاجر شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ وسیم علی نے ہفتے میں تین دن سمارٹ لاک ڈاؤن اور کاروباری اوقات میں مزید کمی کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی صورت قابل قبول نہیں، پان اور سگریٹ کی دکانوں کو رات 9 بجے کے بجائے رات 12 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے تاکہ تاجروں کو ریلیف مل سکے۔