ٹبی سٹی پولیس کی کارروائی، چوری کے مقدمے میں مطلوب ملزم گرفتار
07-29-2026
(لاہور نیوز) ٹبی سٹی پولیس نے دھوکہ دہی اور چوری کے مقدمے میں مطلوب ایک شاطر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے جعلی پتے اور دھوکہ دہی کے ذریعے مریدکے سے 1 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کے 12 توڑے چاول منگوائے تھے، ملزم نے کسی اور کی نان شاپ کو اپنی دکان ظاہر کرتے ہوئے وہاں 6 توڑے چاول اتروائے، جبکہ باقی 6 توڑے بھاٹی چوک پہنچانے کی ہدایت کی۔ مدعی نے نان شاپ پر سامان اتارنے کے بعد رقم وصول کرنے اور باقی آرڈر دینے کیلئے بھاٹی چوک کا رخ کیا، اس دوران ملزم نے نان شاپ کے مالک کو بھی دھوکے میں رکھا، 6 توڑے چاول اپنے قبضے میں لئے اور موقع سے فرار ہو گیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد ایس ایچ او ٹبی سٹی کی سربراہی میں ملزم کی تلاش شروع کی گئی، ملزم گرفتاری سے بچنے کیلئے مسلسل رکشے اور اپنے سفر کے روٹس تبدیل کرتا رہا، تاہم سیف سٹی کیمروں کی مدد سے اس کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم حمزہ کے قبضے سے مسروقہ مال بھی برآمد کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے، ایس پی سٹی عاطف امیر کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید انکشافات کی توقع ہے اور تحقیقات ہر پہلو سے آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔