صدر آصف زرداری کی 71 ویں سالگرہ پر گورنر ہاؤس لاہور میں تقریب
07-28-2026
(لاہور نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر گورنر ہاؤس لاہور میں پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ کیک کاٹا اور صدرِ مملکت کی درازی عمر کے لیے دعا کی گئی۔
تقریب کے دوران کارکنوں نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی مفاہمتی سیاست کی بدولت ملک میں جمہوریت کا تسلسل برقرار ہے، صدر آصف علی زرداری باکمال شخصیت اور اعلیٰ پائے کے سیاستدان ہیں۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیتی رہے گی، جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے ہر دور میں مشکلات برداشت کیں۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی جمہوری نظام کا حصہ ہے اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، پارٹی اداروں کی مضبوطی، آئین و قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری "یس سر" کہنے والے نہیں بلکہ اصولوں پر ڈٹ کر کھڑے ہونے والے رہنما ہیں۔