پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کریک ڈاؤن
07-28-2026
(لاہور نیوز) ڈی جی ماحولیات پنجاب سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر شیراکوٹ اور بابو صابو کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی فیٹ میلٹنگ، لمب روسٹنگ اور بون کرشنگ یونٹس مسمار کر دیئےگئے۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1997 کی خلاف ورزی پر عمل میں لائی گئی، ڈی جی ماحولیات نے ذمہ دار افراد کے خلاف بھاری جرمانے عائد کرنے اور مقدمات درج کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ماحول کے تحفظ کے لیے ایسے غیر قانونی یونٹس کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔