بارشی پانی محفوظ بنانے کیلئے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو قانونی دائرہ کار میں لانے کا فیصلہ

07-28-2026

(لاہور نیوز) واسا پنجاب نے بارشی پانی کے مؤثر انتظام اور تحفظ کیلئے نئے ریگولیشنز تیار کر کے منظوری کیلئے پنجاب حکومت کو ارسال کر دیئے ہیں۔

مجوزہ قوانین کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر کی تمام نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو بارشی پانی کے انتظام سے متعلق نئے قواعد پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے گا، تمام پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سٹورم واٹر ڈرینیج کیلئے علیحدہ نکاسی آب کا نظام قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ بارشی پانی کو سیوریج سسٹم میں ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔ ریگولیشنز میں بارشی پانی کو محفوظ کر کے قابلِ استعمال بنانے، زیرِ زمین پانی (گراؤنڈ واٹر) کی ری چارجنگ کیلئے استعمال کرنے اور ایک مقام پر ذخیرہ کرنے کا نظام متعارف کرانے کی سفارش بھی شامل ہے۔ ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید کے مطابق ان نئے ریگولیشنز کا بنیادی مقصد ہر سال ضائع ہونے والے تقریباً 6 ارب ڈالر مالیت کے بارشی پانی کو محفوظ بنا کر قابلِ استعمال بنانا اور آبی وسائل کے مؤثر تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔