لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش، گرمی اور حبس میں کمی

07-28-2026

(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ متعدد سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

شہر میں شالیمار لنک روڈ اور مغلپورہ میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہربنس پورہ، دھرم پورہ، گڑھی شاہو، ضرار شہید روڈ، کینٹ اور ایئرپورٹ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی آنے سے شہریوں نے گرمی اور حبس سے وقتی نجات محسوس کی۔ دوسری جانب دھرم پورہ سے صدر اور جوڑے پل کے اطراف سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انتظامیہ کی جانب سے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔